آج کی تاریخ

ریلوے ملتان کرپشن سکینڈل: “قوم” کی نشاندہی پر اعلیٰ سطح انکوائری، بڑے افسر فارغ

بہاولپور (ڈسٹرکٹ رپورٹر) روزنامہ قوم کی ریلوے ملتان ڈویژن میں کرپشن، ریلوے اراضی پر قبضے، جعلی ٹکٹ سکینڈل، غیر قانونی کوارٹرز کی الاٹمنٹ اور چھوٹے ملازمین کے استحصال بابت شائع کردہ انکشافات نے ہلچل مچا دی۔روزنامہ قوم کی حقائق پر مبنی رپورٹس پر وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی اور سی ای او ریلوے عامر بلوچ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطح انکوائری کرائی جس کے بعد کرپٹ ملازمین اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔انسپکٹر آف ورکس محمد عثمان اعجاز کو امروکہ سیکشن پر قبضوں اور کرپشن میں ملوث ہونے پر فارغ کر دیا گیا۔اس کے اصل سہولت کار سابقہ ڈی ای این تھری ناصر حنیف جو عرصہ دراز سے قبضہ مافیا کا سرپرست تھا کو بھی تبدیل کر دیا گیا۔کوٹ ادو سیکشن میں گھروں میں بیٹھے’’گھوسٹ ملازمین‘‘ کو تنخواہیں دلوانے والے پی ڈبلیو آئی عمران بشیر کو بھی تبدیل کر دیا گیا۔سب سے حیران کن قدم سپیشل برانچ کے سب انسپکٹر فیاض حسین نیازی کے خلاف اٹھایا گیا جو برسوں سے ملتان ڈویژن میں کرپٹ لابی بنا کر انکوائریاں مینج کرتا رہا اور جعلی ٹکٹ سکینڈل سمیت بے شمار غیر قانونی کاموں میں ملوث تھا۔ روزنامہ قوم کی نشاندہی پر اسے بھی کوئٹہ ٹرانسفر کر دیا گیا۔ایس پی ریلوے سپیشل برانچ بھی معاملات کو کنٹرول نہ کرنے پر عہدے سے ہٹا دیے گئے۔یاد رہے کہ ناصر حنیف جیسے افسران برسوں سے ایک ہی سیٹ پر تعینات رہ کر ریلوے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا رہے تھے۔ روزنامہ قوم نے حق و سچ کی آواز بلند کرتے ہوئے نہ صرف ان کرپٹ عناصر کے چہرے بے نقاب کئے بلکہ ریلوے کو خسارے سے نکالنے کے لیے اپنی صحافتی ذمہ داری قومی فریضہ سمجھ کر ادا کی۔ روزنامہ قوم کا عزم ہے کہ کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے خلاف جنگ جاری رہے گی اور قوم کو لوٹنے والے عناصر کو بے نقاب کیا جاتا رہے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں