آج کی تاریخ

عشرہ رحمۃ للعالمین: نوجوانوں کو سیرت النبی سے روشناس کرانے کیلئے خصوصی تقریبات

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ رواں برس بھی عشرہ رحمۃ للعالمینؐ قومی و صوبائی سطح پر شایانِ شان انداز میں منایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف کی زیر صدارت بین الصوبائی اجلاس ہوا، جس میں آزاد کشمیر، بلوچستان، پنجاب، سندھ، گلگت بلتستان اور وفاقی نمائندے شریک ہوئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یکم تا 12 ربیع الاول ملک بھر میں محافل، کانفرنسز اور تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔
وزارت مذہبی امور اسلام آباد میں 50 ویں بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس بھی منعقد کرے گی جس کا موضوع ہوگا: “سیرت النبی کی روشنی میں ریاستی ذمے داریاں اور سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کی تعلیم و تربیت”۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اس عشرہ کے ذریعے نوجوان نسل کو سیرتِ طیبہ سے روشناس کرایا جائے گا۔ سرکاری و نجی اداروں، اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں خصوصی پروگرام ہوں گے، جبکہ دینی مدارس اور عصری تعلیمی ادارے مشترکہ تقریبات کا انعقاد کریں گے تاکہ نوجوان اپنے خیالات کا اظہار کر سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں معاشرتی مسائل کا حل سیرت النبی ﷺ پر عمل میں پوشیدہ ہے۔ تعلیم، معیشت، خاندانی نظام اور سماجی اقدار کو سنوارنے کے لیے ہمیں سیرت کو مشعلِ راہ بنانا ہوگا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں