آج کی تاریخ

کراچی میں موسلا دھار بارش، بجلی کا بحران اور شہری زندگی مفلوج

کراچی میں موسلادھار بارش کے بعد شہری زندگی بری طرح متاثر ہوگئی ہے، کئی علاقوں میں 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود بجلی کی فراہمی معطل ہے جبکہ اہم شاہراہیں اور انڈر پاس اب بھی زیرِ آب ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، بارش کے بعد 900 سے زائد فیڈرز متاثر ہوئے جن میں سے 240 تاحال بند ہیں، جس کی وجہ سے شہری بجلی کے بحران سے دوچار ہیں۔ گلستان جوہر، نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد، کورنگی، ملیر، گڈاپ اور ڈی ایچ اے سمیت کئی علاقوں میں بجلی بحال نہیں ہو سکی۔
پانی جمع ہونے کے باعث ایئرپورٹ سے شاہراہ فیصل جانے والا ٹریک بند کر دیا گیا ہے جبکہ ناظم آباد، لیاقت آباد اور سہراب گوٹھ کے متعدد انڈر پاس بھی ٹریفک کے لیے بند ہیں۔ کورنگی کراسنگ اور کازوے ندی میں پانی آنے کے باعث اہم سڑکیں بھی بند کر دی گئیں۔
شدید بارش کے باعث حادثات بھی رپورٹ ہوئے۔ گرومندر کے قریب کھلے نالے میں گرنے والے 50 سالہ محمد عباس کی لاش ایدھی رضاکاروں نے نکال لی۔ مختلف علاقوں میں دیواریں گرنے اور کرنٹ لگنے کے واقعات میں اب تک 11 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جن میں بچے بھی شامل ہیں۔
مون سون کے طاقتور سسٹم کے زیرِ اثر بارش نے شہر کے انفراسٹرکچر کو بے نقاب کر دیا ہے۔ کئی گھروں میں پانی داخل ہوگیا، رہائشی مکانات کے مکین عارضی سیڑھیوں اور سہاروں کے ذریعے باہر نکلنے پر مجبور ہوگئے۔
شہری شدید مشکلات میں ہیں جبکہ ٹریفک پولیس اور ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں