آج کی تاریخ

مریم نواز کا جاپان دورہ؛ تجارتی تعلقات مضبوط کرنے کا عزم

ٹوکیو: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور جاپان کے وزارت خارجہ کے سینئر اسٹیٹ منسٹر مایا جی ٹاکوما کی ملاقات میں دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ یہ ملاقات جاپانی دفتر خارجہ میں منعقد ہوئی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے جاپان کی قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جاپان معاشی، ٹیکنالوجیکل اور سماجی ترقی کا مثالی ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جاپان کے ترقیاتی ماڈل کو نافذ کرنے کی کوشش کریں گی تاکہ عوام کو جدید سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔
مایا جی ٹاکوما نے مریم نواز کو جاپان کی سرکاری دورہ کرنے والی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ کے طور پر خوش آمدید کہا اور پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ بننے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 30 برس میں کسی پاکستانی شخصیت کا یہ دورہ خوش آئند ہے اور جاپان پاکستان کو ہمیشہ ایک قریبی دوست کے طور پر دیکھتا ہے۔
ملاقات میں قدرتی آفات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ مایا جی ٹاکوما نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصان پر افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پاکستان جاپان کے تجربات سے استفادہ کرے گا تاکہ زلزلوں اور سیلاب جیسی آفات سے بہتر طور پر نمٹا جا سکے۔
وزیر اعلیٰ نے جاپان کی جدید تعمیراتی ٹیکنالوجی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے ماڈل کو پاکستان کے لیے انتہائی مددگار قرار دیا۔ انہوں نے جاپانی سرمایہ کاروں کے لیے اپنی حکومت کی مراعاتی پالیسی کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور کہا کہ مشکل وقت میں جاپان کی حمایت پاکستان کبھی فراموش نہیں کرے گا۔
ملاقات کے اختتام پر مایا جی ٹاکوما نے مریم نواز اور ان کے وفد کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں