آج کی تاریخ

ہمیں فیصلہ کن انداز میں زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ضرورت ہے، صدر آصف زرداری

اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے مون سون شجر کاری مہم کے موقع پر کہا ہے کہ ہمیں ملک بھر میں زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی فوری ضرورت ہے۔
صدر زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ شجر کاری مہم پاکستان کے محفوظ اور سبز مستقبل کی ضمانت ہے اور درخت لگانا ہر شہری کا قومی فرض ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال اگست سے اکتوبر تک ملک بھر میں 4 کروڑ 10 لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ درخت ماحول کے لیے زندگی کی علامت ہیں اور موسمیاتی تبدیلی کے خلاف سب سے مضبوط دفاع ہیں۔ قوم کی ترقی جنگلات اور قدرتی ماحول کے تحفظ پر منحصر ہے، جبکہ جنگلات کی کٹائی، بڑھتا ہوا درجہ حرارت اور بار بار آنے والے سیلاب لاکھوں زندگیوں کو متاثر کر رہے ہیں۔
صدر زرداری نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ سبز، صاف اور خوشحال پاکستان کے لیے پودے لگائیں۔ ہر لگایا گیا درخت قدرتی آفات کے خلاف ایک حفاظتی ڈھال اور آئندہ نسلوں کے لیے زندگی کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب اور بارشوں نے ملک کے مختلف حصوں میں تباہی مچائی ہے، اس لیے گرین پاکستان پروگرام کو کامیاب بنانا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔
صدرِ مملکت نے تمام عوام کو اپیل کی کہ وہ شجر کاری مہم میں بھرپور حصہ ڈالیں، نوجوان اس مہم کے سفیر بنیں، کسان اپنے کھیتوں اور ماحول کی حفاظت کے لیے درخت لگائیں اور میڈیا، سول سوسائٹی، کمیونٹی رہنما اور علماء عوام کو اس قومی فریضے کی حمایت کے لیے متحرک کریں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں