ملتان(عدنان فاروق قریشی)ٹریفک پولیس ملتان کی جانب سے شہریوں کو 24 گھنٹے سہولیات فراہم کرنے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے،نواں شہر چوک پر بنایا جانیوالا کیاسک(کیبن)15 روز بعد بھی فعال نہ ہوسکا،تاجر برادری اور پرائیویٹ ملازمت پیشہ طبقہ بند کیبن کو دیکھ کر مایوس گھروں کو لوٹنے پر مجبور ہوگیا۔تفصیل کے مطابق سٹی ٹریفک پولیس نے ملتان کے شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس سمیت ٹریفک سے متعلقہ دیگر سہولیات فراہم کرنے کے لئے 31 جولائی 2025ء کو نواں شہر چوک پر ملتان کا پہلا جدید ٹیکنالوجی سے مزین ایئرکنڈیشن(کیاسک)کیبن بنایا تھا جسکا سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر اور سابق چیف ٹریفک پولیس آفیسر سردار موارہن خان جو کہ اسوقت ڈی پی او اٹک تعینات ہیں نے باقاعدہ افتتاح بھی کردیا تھا۔اس جدید ٹیکنالوجی سے مزین کیبن میں ٹریفک پولیس نے ملتان کے شہریوں کو 24 گھنٹے ڈرائیونگ لائسنس سمیت ٹریفک سے متعلقہ دیگر سروسز مہیا کرنا تھی لیکن ٹریفک پولیس ملتان کی مبینہ غفلت اور لاپروائی کے باعث 16 دن گزرنے کے باوجود بھی مذکورہ کیبن تاحال 24 گھنٹوں کے لئے فعال نہ ہوسکا ہے۔جسکی وجہ سے تاجر برادری اور پرائیویٹ ملازمت پیشہ افراد جو اپنی ڈیوٹیاں ختم کرکے ڈرائیونگ لائسنس بنوائے کی غرض سے نواں شہر چوک پہنچتے ہیں انہیں کیبن بند ہونیکی وجہ سے شدید مایوسی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اُنہوں نے نئے تعینات ہونیوالے سی ٹی او کاشف اسلم جو کہ پہلے بھی کئی عہدوں پر ملتان میں تعینات رہ چکے ہیں اور ملتان کی عوام کے مسائل اور پریشانی سے بخوبی واقف ہیں سے کیبن کو مکمل فعال کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہریوں کو ریلیف مل سکے۔
