ملتان (سٹاف رپورٹر) این ایف سی یونیورسٹی ملتان کی سرچ کمیٹی کی جانب سے ریگولر وائس چانسلر کے لیےمورخہ 5 اگست 2025 کو ہونے والے انٹرویوز کی اندرونی صورتحال اور وہاں ہونے والی بدمزگی کی تفصیلات سامنے آ گئیں۔ بتایا گیا ہے کہ منسٹری آف فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ اسلام آباد کے نوٹیفکیشن نمبر F.12-1(2024)-Uni: مورخہ 27 مارچ 2025، این ایف سی انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (آئی ای ٹی) ملتان ایکٹ 2012 کی دفعہ 12(2) کے تحت وائس چانسلر این ایف سی انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ملتان کی تقرری کے لیے سرچ کمیٹی، سینیٹ این ایف سی-آئی ای ٹی ملتان کے دوسرے اجلاس منعقدہ 27.02.2025 تشکیل دی گئی جس میں چانسلر/صدر پاکستان کی جانب سے نامزد کردہ سوسائٹی کے دو ممتاز اراکین ڈاکٹر ایس سہیل ایچ نقوی (کنوینر) سابق وائس چانسلرلاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز، ڈاکٹر محمد اکرم شیخ (رکن) ممبر ایچ ای سی/ سابق ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جبکہ سینیٹ کے دو اراکین میں سے1۔سیکرٹری وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت یا ان کا نامزد کردہ وائس چانسلر این ایف سی-آئی ای ٹی ملتان (رکن)، دو ۔ادارہ جاتی اساتذہ جو سینیٹ کے رکن نہ ہوں میں سے ڈاکٹر کامران لیاقت بھٹی ایسوسی ایٹ پروفیسرالیکٹریکل انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ این ایف سی (رکن) اور ڈاکٹر سروش کریم نون اسسٹنٹ پروفیسرالیکٹریکل انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ این ایف سی ملتان (رکن) اور ایک ممتاز ماہرِ تعلیم جو ادارے سے منسلک نہ ہو (رکن) شامل تھے۔ جبکہ انٹرویو دینے والے افراد میںڈاکٹر شبر عتیق، ڈاکٹر محمد جمیل، ڈاکٹر محمد عابد ڈاکٹر طاہر سلطان ، ڈاکٹر شوکت ملک، ڈاکٹر طارق انصاری، ڈاکٹر محمد عدنان، ڈاکٹر منصور بلوچ، ڈاکٹر ناصر سمیت 13 افراد نے شرکت کی۔ سرچ کمیٹی کے ایک ممبر نے ایک امیدوار پر نہایت برہمی کا اظہار کیا کہ آپ سیاسی سفارش کیوں کرواتے ہیں۔ پراجیکٹ کوآرڈینیشن یونٹ، خیابان سہروردی زیرو پوائنٹ، پاکستان کی مین پاور بلڈنگ اسلام آباد میں گراؤنڈ فلور پر کمیٹی روم میں منعقد ہونے والے انٹرویو میں ادارے کی طرف سے دونوں کمیٹی ممبران نے وائس چانسلر کے امیدوار ڈاکٹر محمد جمیل کو پورے مارکس دے کر کامیاب کرنے کی بھرپور کوشش کی اور وہ اس میں کامیاب بھی رہے۔انٹرویو کے فوری بعد ادارے کے دونوں نمائندوں نے ڈاکٹر جمیل کو اپنی خدمات اور کارکردگی سے آگاہ بھی کیا اور ان کے وائس چانسلر بننے کے بعد رجسٹرار اور ہیڈ آف الیکٹریکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے عہدے کے لیے ان سے ایڈوانس میں لیے گئے وعدے کی بھی یاد دہانی کروائی گئی۔ یاد رہے کہ یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران نے کنوینر سرچ کمیٹی اور ایک امیدوار کے درمیان ہونے والی تلخ کلامی کا بھی پوری یونیورسٹی میں کھلے عام ذکر کیا۔ این ایف سی یونیورسٹی میں سنی جانے والی باز گشت کے مطابق وائس چانسلر کے لیے قائم کردہ سرچ کمیٹی میں فائنل ہونے والوں میں پروفیسر ڈاکٹر شبر عتیق سابقہ وائس چانسلر یونیورسٹی آف گجرات، ڈاکٹر جمیل سابق پروفیسر الیکٹریکل ڈیپارٹمنٹ این ایف سی یونیورسٹی ملتان، ڈاکٹر محمد عابدڈائریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی واہ کینٹ کے نام لیے جا رہے ہیں اور بتایا جا رہا ہے کہ ان میں سے کوئی ایک سلیکٹ ہو گا۔
