اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف نیب ریفرنس میں ان کی جائیداد کی نیلامی کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر سیکریٹریٹ نے نیلامی کا باقاعدہ اشتہار جاری کر دیا ہے۔
اشتہار کے مطابق یہ نیلامی یونین کونسل بہارہ کہو میں منعقد کی جائے گی، جس میں عمران خان کی موضع موہڑہ نور میں واقع جائیداد نیلام کی جائے گی۔ نیلامی میں کل 248 کنال 8 مرلے اور 405 کنال 3 مرلے رقبہ پیش کیا جائے گا۔
نیلامی میں حصہ لینے کے خواہشمند افراد کو 50 لاکھ روپے کے پےآرڈر کی ادائیگی کرنا ہوگی جو چیئرمین نیب کے نام ہوگا۔ ساتھ ہی، نیلامی سے قبل جائیداد کا معائنہ کرنے کی اجازت بھی دی گئی ہے۔ متعلقہ پٹواری نیلامی میں دلچسپی رکھنے والوں کو تمام تفصیلات فراہم کرے گا اور نیلامی ایولیوایشن کمیٹی کے طے کردہ قواعد و ضوابط کے مطابق ہوگی۔ نیلامی کا انعقاد آج موضع بہارہ کہو میں کیا جائے گا۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش گاہ کی نیلامی کی خبر آج منظر عام پر آئی ہے، اور اگر یہ واقعی ہوا ہے تو یہ کسی خفیہ کارروائی کا حصہ ہو سکتی ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں مزید کہا کہ بنی گالہ کے منتظمین کو اس بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے اور پارٹی کی قانونی ٹیم معاملے کی مکمل تحقیقات میں مصروف ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ جلد ہی اصل صورتحال واضح ہو جائے گی۔
