اسلام آباد: پاکستان میں گدھوں کی تعداد کا تازہ ترین سروے مکمل ہو چکا ہے جس کے نتائج میں پنجاب نے دیگر صوبوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
حکومت کی جاری کردہ زراعت شماری رپورٹ کے مطابق پاکستان کے مختلف صوبوں میں گدھوں کی تعداد کا جائزہ لیا گیا ہے، جس میں پنجاب سب سے آگے رہا جبکہ بلوچستان میں گدھوں کی سب سے کم تعداد ریکارڈ کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب میں گدھوں کی تعداد 24 لاکھ 3 ہزار ہے جو باقی تمام صوبوں کی تعداد سے کہیں زیادہ ہے۔ سندھ دوسرے نمبر پر ہے جہاں گدھوں کی تعداد 10 لاکھ 81 ہزار ہے، جبکہ خیبرپختونخوا میں یہ تعداد 7 لاکھ 82 ہزار ریکارڈ کی گئی ہے۔ بلوچستان میں گدھوں کی تعداد سب سے کم یعنی 6 لاکھ 30 ہزار ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گدھوں کی تعداد تقریباً 4 ہزار ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں بلوچستان کی نسبت 17 لاکھ 73 ہزار، خیبرپختونخوا سے 16 لاکھ 21 ہزار اور سندھ سے 13 لاکھ 22 ہزار زیادہ گدھے ہیں۔
زراعت شماری رپورٹ 2024 کے مطابق ملک بھر میں گدھوں کی کل تعداد 49 لاکھ تک پہنچ چکی ہے جو گزشتہ سالوں کی نسبت اضافہ ظاہر کرتی ہے۔
