ملتان(کرائم رپورٹر) تھانہ الپہ میں تعینات سب انسپکٹر کی طرف سے شہری کی بیوی کو تین بچوں سمیت اغوا کرنے اور اسکے خاوند کو حبس بے جا میں رکھ کر تشدد کا نشانہ بنانے، زبردستی طلاق دلوانے،گھر کا سارا سامان اٹھا کر غائب کرنے اور اسکی اہلیہ کو غیر اخلاقی،غیر قانونی طور پر اپنے حلقہ تصرف میں رکھنے کے الزام میں ایس ایس پی آپریشن احمد زنیر چیمہ نے سب انسپکٹرادریس گل اور اسکے ساتھیوں کو معطل کردیا۔ روزنامہ قوم نے ادریس گل،اسد نیازی کے اس گھناؤنے فعل کو گزشتہ روز اپنے اخبار کے صفحات پر تفصیل کے ساتھ بے نقاب کیا تھا اور اعلیٰ افسران کی توجہ دلوائی تھی کہ کس طرح پولیس کا نچلا عملہ شہریوں کی عزت سے کھیل رہا ہے۔ ایس ایس پی آپریشن زنیر چیمہ نے ہفتہ کے روز ہی سب انسپکٹر ادریس گل اور اسکے ساتھیوں کو طلب کیا اور طلب کرنے سے پہلے انتہائی سرعت سے ایس ایس پی آپریشن نے ادریس گل کے خلاف نہ صرف معلومات اکٹھی کیں بلکہ اسکی تصدیق بھی کروالی تھی۔ایس ایس پی کے روبرو ادریس گل ان الزامات کے حوالہ سے اپنی صفائی پیش کرنے میں ناکام رہا جس پر انہیں ساتھی اہلکاروں سمیت فوری طور پر معطل کردیا گیا۔ یادرہے کہ ادریس گل کے خلاف تھانہ مخدوم رشید میں تعیناتی کے دوران ایک نوجوان کے قتل کے الزام پر بھی تحقیقات جاری ہیں جسے ادریس گل نے تشدد کرکے قتل کردیا تھا۔
