اسلام آباد: وزیراعظم کی خصوصی ہدایات پر پاکستان نے ایک بار پھر غزہ کے مظلوم عوام کی امداد کے لیے اہم قدم اٹھایا ہے۔ حالیہ امدادی مرحلے میں 200 ٹن امدادی سامان پر مشتمل دو خصوصی پروازیں روانہ کی گئیں، جن میں سے ایک پرواز اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 100 ٹن سامان کے ساتھ روانہ ہوئی، جو کہ غزہ کے لیے 18ویں امدادی کھیپ ہے۔
اس سے قبل 7 اگست کو 17ویں امدادی کھیپ روانہ کی گئی تھی، جس میں بھی 100 ٹن سامان شامل تھا۔ تازہ ترین کھیپ میں راشن بیگز، تیار شدہ کھانے اور اہم ادویات شامل ہیں۔ اب تک مجموعی طور پر 18 کھیپوں کے ذریعے 1815 ٹن امدادی سامان روانہ کیا جا چکا ہے۔
اس موقع پر منعقدہ تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جب کہ فلسطینی سفیر، حکومتی نمائندے اور این ڈی ایم اے کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
وفاقی وزیر نے این ڈی ایم اے اور فلاحی اداروں کی فوری عملدرآمد پر ان کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ پاکستان ہر ممکن طریقے سے فلسطینی عوام کی مدد جاری رکھے گا اور مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔
