اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے گزشتہ سال 3.8 ارب ڈالر کی آئی ٹی برآمدات کے ہدف کے حصول کو سراہتے ہوئے آئندہ برسوں میں 30 ارب ڈالر کا ہدف عبور کرنے کے لیے ٹھوس حکمتِ عملی اور سالانہ اہداف پر مبنی جامع منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
این آئی ٹی بی اور وزارتِ آئی ٹی کے اقدامات پر ہونے والے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور ڈیجیٹل ترقی کے لیے فوری اقدامات ضروری ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آئی ٹی کے شعبے کی ترقی سے نہ صرف معیشت مستحکم ہوگی بلکہ نوجوانوں کو روزگار کے نئے مواقع بھی میسر آئیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 30 ارب ڈالر کی آئی ٹی برآمدات کے ہدف کے لیے ایک مکمل ڈیجیٹل ایکو سسٹم اور جدید انفراسٹرکچر تیار کیا جا رہا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے این آئی ٹی بی کی تنظیم نو اور مارکیٹ سے بہترین ماہرین کی بھرتی کی ہدایت بھی دی۔
شہباز شریف نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ نوجوانوں، خاص طور پر خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے آئی ٹی ٹریننگ سینٹرز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ای-آفس کے نفاذ سے سرکاری محکموں میں کاغذی کارروائی کم ہو رہی ہے، جس سے وقت اور سرکاری وسائل کی بچت ہو رہی ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ “ڈیجیٹل یوتھ ہب” جیسے اقدامات سے ہزاروں نوجوان باعزت روزگار کما رہے ہیں، اور حکومت ان نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کی آئی ٹی تعلیم اور مہارت فراہم کر کے عالمی منڈی میں مقابلہ کرنے کے قابل بنا رہی ہے۔
