اسلام آباد: پنجاب میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپیلیٹ ٹریبونل قائم کر دیا ہے تاکہ ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں سنی جا سکیں۔
میڈیا نیوز کے مطابق یہ ٹریبونل پنجاب کے دو قومی اور ایک صوبائی اسمبلی کے حلقوں کے لیے تشکیل دیا گیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس خالد اسحاق کو اپیلیٹ ٹریبونل کے جج کے طور پر مقرر کیا گیا ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
یہ ٹریبونل این اے 66 وزیرآباد، این اے 129 لاہور، اور پی پی 87 میانوالی میں ضمنی انتخاب کے حوالے سے کام کرے گا۔ ٹریبونل میں امیدوار ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کو چیلنج کر سکتے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق ان تینوں حلقوں میں پولنگ 18 ستمبر کو منعقد کی جائے گی۔
واضح رہے کہ این اے 66 وزیرآباد کی نشست احمد چٹھہ کی نااہلی، پی پی 87 میانوالی کی نشست احمد خان بچھر کی نااہلی اور این اے 129 لاہور کی نشست میاں اظہر کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
