وزیراعظم شہباز شریف نے جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر میں عالمی معیار کی اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر سہولیات کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہسپتال چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مریضوں کے لیے بین الاقوامی معیار کی طبی سہولت بنے گا۔
وزیراعظم کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح اجلاس میں منصوبے کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، جس میں انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے مختلف بلاکس کو صوبوں کے نام سے منسوب کیا جائے اور بھرتیوں میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم نے تعمیری کام کے اعلیٰ معیار اور شفافیت کے لیے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں بڑے اسپتالوں پر مریضوں کے بڑھتے دباؤ کو کم کرنے کے لیے پرائمری اور سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے نظام کی بہتری پر کام کیا جائے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پی کے ایل آئی (پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ) مریضوں کو شاندار سہولیات دے رہا ہے اور جناح میڈیکل کمپلیکس کو اس سے بھی بہتر بنایا جائے گا۔
انہوں نے ہسپتال میں صفائی سمیت تمام متعلقہ خدمات کو میرٹ پر آؤٹ سورس کرنے کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو ہسپتال کے کنسپٹ ڈیزائن، بورڈ کی تشکیل، اراضی کی منتقلی اور ہسپتال سے منسلک مجوزہ کمرشل سینٹر سے متعلق پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ جیو ٹیکنیکل اسٹڈی اور سوشل امپیکٹ اسٹڈی جیسے اہم مراحل مکمل کیے جا رہے ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، سید مصطفیٰ کمال، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ، چیئرمین پی کے ایل آئی ڈاکٹر سعید اختر اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
