وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری کی مسلسل کاوشوں کے نتیجے میں ایک اہم سنگ میل حاصل ہوا ہے، جہاں وزارت بحری امور نے فیری سروس کے لائسنس کی اصولی منظوری دے دی ہے۔
’سی کیپرز‘ نامی کمپنی کو، جو کہ برطانیہ میں رجسٹرڈ ہے، ایران اور خلیجی ممالک کے لیے فیری سروسز چلانے کا لائسنس دیا گیا ہے۔ یہ کمپنی پاکستان کو ایران اور خلیج تعاون کونسل (GCC) کے ممالک سے بحری راستے کے ذریعے جوڑے گی۔
واضح رہے کہ بین الاقوامی فیری آپریٹرز کی کئی درخواستیں 2017-18 سے زیر غور تھیں، جن پر اب وزارت میری ٹائم افیئرز نے تیزی سے پیش رفت کرتے ہوئے پہلی بین الاقوامی فیری سروس کے لائسنس کی منظوری دے دی ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بحری روابط کی ایک نئی تاریخ رقم ہو چکی ہے۔ فیری سروس نہ صرف زائرین بلکہ خلیجی ممالک میں مقیم مزدوروں کے لیے بھی کم لاگت اور آرام دہ سفر کی سہولت فراہم کرے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ سروس ابتدائی طور پر کراچی اور گوادر سے شروع کی جائے گی، اور سمندری سفر کو محفوظ، آرام دہ اور ہر فرد کی پہنچ میں لایا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ اس منصوبے سے پاکستان کی میرین اکانومی کو تقویت ملے گی اور علاقائی تجارت و سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا۔ فیری سروس کے جلد آغاز کے لیے بھرپور اقدامات جاری ہیں۔
