اسلام آباد: بجلی صارفین کے لیے خوشخبری، اگست، ستمبر اور اکتوبر کے مہینوں میں بجلی کے بلوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ نیپرا کو تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے مالی سال 2024-25 کی چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ اور جون 2025 کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔
نیپرا کی 4 اگست کو ہونے والی سماعت میں سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 1.89 روپے فی یونٹ کی ممکنہ واپسی زیر غور آئی، جس کا اطلاق اگست سے اکتوبر تک کے بلوں پر ہو سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اگست کے بلوں میں مزید 0.34 روپے فی یونٹ کی کمی متوقع ہے۔
یہ کمی ترمیم شدہ معاہدوں، کیپٹو پاور پلانٹس کی منتقلی اور بجلی کی بڑھتی طلب کے باعث نرخوں میں کمی کی وجہ سے ممکن ہوئی ہے۔
دوسری جانب، جون 2025 کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ پر 3 اگست کو ہونے والی سماعت میں نیپرا کو سی پی پی اے کی جانب سے 0.78 روپے فی یونٹ کمی کی سفارش دی گئی، جس کا اطلاق بھی اگست کے بلوں پر متوقع ہے۔ یوں صارفین کو اس مد میں بھی 0.28 روپے فی یونٹ ریلیف ملنے کا امکان ہے۔
