پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے شہید پولیس اہلکاروں کے اہلِ خانہ کے لیے مالی امداد اور دیگر سہولیات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر شہید کے خاندان کو 50 ہزار روپے فی کس دیے جائیں گے۔
پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پولیس شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے خاندانوں کو پلاٹ دینے کی پالیسی پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی شہید کی فیملی کا فرد کسی سرکاری دفتر میں آئے گا تو وزیراعلیٰ سمیت ہر افسر اس سے کھڑے ہو کر ملاقات کرے گا، تاکہ انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس جن دہشت گردوں کا سامنا کر رہی ہے، وہ عام مجرم نہیں بلکہ انتہائی خطرناک عناصر ہیں، اسی لیے پولیس کی استعداد کار میں اضافہ ضروری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا جا رہا ہے، تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا ہے، اور پولیس تنصیبات کو بھی جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ صوبے میں 2400 نئے پولیس اہلکاروں کی بھرتی کا عمل شروع کیا جا رہا ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال مزید بہتر بنائی جا سکے۔
