غزہ میں غذائی قلت کے شکار فلسطینیوں کی مدد کے لیے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے 100 ٹن امدادی سامان پر مشتمل 28 ویں کھیپ اسلام آباد سے روانہ کر دی گئی۔
یہ امدادی سامان حکومت پاکستان اور این ڈی ایم اے کے اشتراک سے خصوصی طیارے کے ذریعے بھیجا گیا۔ اس موقع پر نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، صدر الخدمت فاؤنڈیشن ڈاکٹر حفیظ الرحمن اور این ڈی ایم اے کے حکام بھی موجود تھے۔
یہ امداد اردن کے دارالحکومت عمان پہنچے گی، جہاں سے اسے غزہ کے متاثرہ فلسطینی خاندانوں، خواتین اور بچوں میں تقسیم کیا جائے گا۔
نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے الخدمت فاؤنڈیشن کی کوششوں کو سراہا اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے غزہ میں سرگرم الخدمت کے رضاکاروں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
صدر الخدمت ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے بتایا کہ اس کھیپ میں 65 ٹن کین فوڈ، بچوں کے لیے 20 ٹن خشک دودھ، 5 ٹن بسکٹ اور 10 ٹن ادویات شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ الخدمت گزشتہ 22 ماہ سے مختلف ذرائع سے غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کی مدد جاری رکھے ہوئے ہے اور اب تک ہزاروں ٹن امدادی سامان پہنچایا جا چکا ہے۔
الخدمت نے اب تک 24 امدادی کھیپ فضائی راستے اور 4 بحری جہازوں کے ذریعے روانہ کی ہیں۔
قاہرہ میں الخدمت کا کیمپ آفس مسلسل فعال ہے جہاں سے غزہ کے اندر خوراک، صاف پانی، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء متاثرین کو فراہم کی جا رہی ہیں۔
اردن اور لبنان میں بھی الخدمت کے رضاکار امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہا کہ پاکستانی عوام کے تعاون سے یہ امدادی مشن جاری رہے گا اور ہر ممکن طریقے سے غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کی مدد کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن پہلے ہی کچھ غزہ کے طالب علموں کو پاکستان لا چکی ہے جو یہاں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، جبکہ آئندہ مرحلے میں کینسر جیسے مہلک امراض میں مبتلا مریضوں کو پاکستان لا کر ان کا مکمل علاج کیا جائے گا۔
