رحیم یارخان،لیاقت پور(بیورو رپورٹ،نامہ نگار) اوگرا قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف سول ڈیفنس کا کریک ڈاؤن صرف کمائی کی حد تک محدود،ترنڈہ محمد پناہ میں ایک اور خوفناک حادثہ،دو موٹرسائیکل تصادم ،آگ بھڑکنے سے 2 بچوں اور خاتون سمیت 5 افراد جھلس گئے،ماں اور بچے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے جبکہ دو زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا،موٹرسائیکل سوار 20 لیٹر پٹرول سے بھرا گیلن لیجا رہا تھا جو بے قابو سامنے آنے والے موٹرسائیکل سے ٹکرا گیا اور آگ بھڑک اٹھی،تھانہ چنی گوٹھ ضلع بہاولپور میں پٹرولنگ پولیس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر کی مدعیت میں مقدمہ درج،کاروائی شروع ۔تفصیل کے مطابق ضلع رحیم یارخان کی حدود ترنڈہ محمد پناہ کے قریب سانگلہ موری پر دو تیز رفتار موٹرسائیکل آپس میں ٹکرا گئے جس کے نتیجہ میں موٹرسائیکلوں میں آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث دو بچوں اور خاتون سمیت 5 افراد جھلس کر شدید زخمی ہوگئے،اطلاع پاکر ریسکیو 1122 اور پٹرولنگ گشت پر معمور پٹرولنگ پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی،جنہوں نے کمال مہارت سے آگ پر قابو پالیا مگر 5 افراد جن میں 7 سالہ مبین،5 سالہ عائشہ اور انکی ماں ڈپٹی ہیلتھ آفس لیاقت پور میں تعینات نائب قاصد محمد شاہد کی اہلیہ نسیم بی بی آگ لگنے کے باعث شدید جھلسنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ 50 سالہ جنید اور 55 سالہ اکرم بری طرح جھلس گئے جنہیں ریسکیو 1122 نے فوری طبی امداد دیتے ہوئے رورل ہیلتھ سینٹر ترنڈہ محمد پناہ منتقل کردیا۔عینی شاہدین اور تھانہ چنی گوٹھ میں درج ہونیوالے مقدمہ نمبری 476/25بجرم 279،337G،427،286،285ت پ کے تحت درج ہونیوالی ایف آئی آر کے متن کے مطابق محمد اکرم نامی شخص ترنڈہ محمد پناہ میں قائم بشیر احمد نامی شخص کے پٹرول پمپ اوگرا قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گیلن میں 20 لیٹر پٹرول لے کر جا رہا تھا جو سامنے سے آنیوالے موٹرسائیکل سے ٹکرا گیا جس کے باعث موٹرسائیکل کا پلگ سپارکنگ کے باعث شارٹ ہوا اور پٹرول نے آگ پکڑ لی جس کے باعث 5 افراد جھلس گئے جن میں ماں اور دو بچوں سمیت تین جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوئے،پٹرولنگ پولیس اسسٹنٹ سب انسپکٹر شاہد اشرف کی مدعیت میں پولیس نے پٹرول خریدنے والے محمد اکرم،پٹرول پمپ کے مالک بشیر احمد،منیجر زاہد علی اور آئل مین عبدالرحمن کیخلاف مقدمہ درج کرکے کاروائی شروع کردی ہے۔واضح رہے کہ تحصیل لیاقت پور میں غیر قانونی آئل ایجنسیوں اور منی پٹرول پمپس کی بھرمار ہے،جہاں پر اوگرا قوانین کی خلاف ورزیاں عروج پر کی جا رہی ہے،محکمہ سول ڈیفنس ان ایجنسی مالکان کیخلاف کاروائیاں کرنے کی بجائے منتھلیاں طے کرکے خاموشی اختیار کرچکا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر محمد ابراہیم میلادی کھر نے پولیس کے ہمراہ ایکشن لیتے ہوئے غیر قانونی طور پر گیلن میں فیول دینے والے شیر شاہ پٹرولیم کو فوری طور پر سیل کر دیا اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ انتظامیہ جاں بحق و زخمیوں کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے ذمہ داران کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جاچکی ہیں۔
