علیمہ خان نے کہا ہے کہ سابق وزیرِاعظم عمران خان نے کبھی اپنے بچوں کو پاکستان آنے سے نہیں روکا، ایسی تمام خبریں جھوٹ پر مبنی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے بچوں کے پاس نائیکوپ موجود تھا، مگر وہ گم ہو گیا ہے، اور اس کے بعد وہ ویزا اور نئے نائیکوپ کے لیے باقاعدہ درخواست دے چکے ہیں۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے واضح کیا کہ عمران خان کے بچوں کی ویزا درخواست کا ٹریکنگ نمبر ان کے پاس موجود ہے، جبکہ سفارتخانے کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔ علیمہ خان کے مطابق ایک دوست کی جانب سے سفیر سے رابطہ کرنے پر بتایا گیا کہ وزارتِ داخلہ سے اجازت درکار ہے، جب کہ اگلے روز یہ کہا گیا کہ معاملہ وزارتِ خارجہ کے دائرہ کار میں آتا ہے۔ اس صورت حال پر انہوں نے حیرانی کا اظہار کیا اور کہا کہ ایمرجنسی میں ویزا ایک گھنٹے میں لگ جاتا ہے لیکن یہاں غیر معمولی تاخیر کی جا رہی ہے۔
صحافی کے ایک سوال پر کہ آیا وہ مشال یوسفزئی کے سینیٹر بننے پر کیا رائے رکھتی ہیں، علیمہ خان نے کہا کہ وہ ایسے معاملات پر بات کرنا وقت کا ضیاع سمجھتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سینیٹرز کا انتخاب خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر ہونا چاہیے تھا اور میرٹ پر مشال کے علاوہ کئی اور امیدوار بھی موجود تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان سے پوچھا گیا تھا کہ کیا ان کے بچے پاکستان آرہے ہیں؟ اس پر عمران خان نے جواب دیا کہ تحریک کیلئے ان کا والد کافی ہے۔ علیمہ خان نے دوٹوک کہا کہ ان کے بھائی نے بچوں کو پاکستان آنے سے کبھی نہیں روکا اور تحریک بچوں سے نہیں بلکہ عوام سے منسوب ہے۔ ہم عمران خان کی رہائی کے لیے کوشاں ہیں، جیلوں میں جا رہے ہیں، عدالتوں میں پیشیاں بھگت رہے ہیں، اور اگر ہمیں گرفتار کرنا ہے تو کر لیں۔
