ملتان،قادرپورراں(کرائم رپورٹر،نامہ نگار) ڈولفن فورس کے اہلکار بھی ضلعی پولیس کے نقش قدم پر چلنے لگی،قادر پور راں میں میٹرک کے طالب علم پر بہیمانہ تشدد،ویڈیو وائرل ہونے پر ایس ایس پی آپریشن نے چاروںاہلکاروں کو معطل کردیا۔معلوم ہوا ہے کہ تھانہ قادر پور راںکے علاقہ پل چوریاں والا میں ڈولفن فورس ملتان کے اہلکاروں نبیل،محمد اسد،جنید اقبال اور محمد وقاص نے ناکہ لگایا ہوا تھا کہ اسی دوران انہوں نے 17 سالہ ملک داؤد عمران جو کہ میٹرک کا طالب علم ہے کو روک کر بغیر پوچھ گچھ کئے تھپڑ مارنا شروع کردئیے اور بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ زخمی بھی ہوا۔بعد ازاں مذکورہ اہلکار طالبعلم کو تھانہ لے گئے اور اسکے خلاف کارروائی کرنا چاہی لیکن اہل علاقہ کے تھانہ میں آجانے اور ڈولفن اہلکاروں کی غنڈہ گردی منظر عام پر آنے پر اسے رہا کرنا پڑا،مذکورہ ڈولفن اہلکاروں کی سی سی ٹی وی ویڈیو 3 روز بعد سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو ایس ایس پی آپریشن احمد زنیر چیمہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے چاروں اہلکاروں کو معطل کرکے انکوائری شروع کردی ہے۔احمد زنیر کا کہنا ہے ایسے اہلکاروں کی محکمہ میں کوئی گنجائش نہیں ان کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔
