آج کی تاریخ

ڈیجیٹل معیشت کی جانب بڑا قدم: وزیراعظم کا اہم اعلان سامنے آ گیا

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی ڈیجیٹائزیشن سے شفافیت کو فروغ ملے گا اور عوام کو سہولیات میسر آئیں گی۔
وزیراعظم کی صدارت میں کیش لیس اور ڈیجیٹل معیشت سے متعلق اقدامات پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن حکمتِ عملی کا مقصد عوام کو اضافی بوجھ کے بغیر جدید سہولیات فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ڈیجیٹل ادائیگیوں اور رقوم کی منتقلی کے عمل کی بھرپور حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وفاقی ڈیجیٹائزیشن پلان کے مؤثر نفاذ کے لیے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مکمل مشاورت کی جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ تمام صوبے، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر وفاقی حکومت کی ڈیجیٹل پالیسی کے ساتھ مکمل ہم آہنگی اختیار کریں تاکہ مقررہ اہداف بروقت حاصل کیے جا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت کو اس پلان کا مستقل حصہ بنایا جائے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ نیشنل ڈیجیٹل کمیشن اور پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی قائم کر دی گئی ہے، جبکہ اتھارٹی کے چیئرپرسن اور ممبران کی تعیناتی کا عمل آخری مراحل میں ہے۔ ڈیجیٹل مرچنٹ آن بورڈنگ فریم ورک کا اجرا 25 جولائی 2025 کو کر دیا گیا ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزرا، چاروں صوبوں، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر کے اعلیٰ افسران اور اسلام آباد کے چیف کمشنر نے شرکت کی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں