اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے پاکستان کے پہلے “اسکلز امپیکٹ بانڈ” کی منظوری دے دی ہے۔
یہ فیصلہ وزیراعظم کی زیرصدارت نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے روڈ میپ پر ہونے والے جائزہ اجلاس کے دوران کیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ جدید ماڈل نجی سرمایہ کاروں کو ہنرمند نوجوانوں کی تربیت میں سرمایہ کاری کی جانب راغب کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ نوجوانوں کو مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق ہنر سکھائے جائیں گے تاکہ وہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر بہتر روزگار حاصل کر سکیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت نہ صرف ہنر اور تعلیم فراہم کر رہی ہے بلکہ ان کی مدد سے نوجوانوں کو ملازمتیں بھی دلوا رہی ہے۔
شہباز شریف نے یہ بھی اعلان کیا کہ وہ ہر دو ماہ بعد اس روڈ میپ پر عمل درآمد کا خود جائزہ لیں گے، اور بیرون ملک روزگار کے لیے ہنرمند افراد کی تیاری کو خاص اہمیت دی جائے گی۔
