گھروں میں اکثر چھپکلیوں کی موجودگی لوگوں کے لیے خوف اور پریشانی کا باعث بنتی ہے، حالانکہ یہ نقصان دہ نہیں ہوتیں۔ دیواروں پر رینگتی یہ مخلوق نہ صرف کراہت کا باعث بنتی ہے بلکہ گھر کے ماحول کو بھی متاثر کرتی ہے۔ اگرچہ ان سے مکمل طور پر چھٹکارا پانا مشکل لگتا ہے، مگر چند گھریلو نسخے استعمال کر کے انہیں دور رکھا جا سکتا ہے۔
چھپکلیوں کی آمد کیسے روکی جائے؟
چھپکلیاں زیادہ تر چھوٹے سوراخوں، دراڑوں، دروازوں اور باتھ روم وینٹس کے ذریعے گھروں میں داخل ہوتی ہیں۔ ان راستوں کو بند کرنے کے لیے پلستر کا استعمال کریں، کھڑکیوں پر جالی اور دروازوں کے نیچے ربڑ کی پٹیاں لگائیں تاکہ داخلہ بند کیا جا سکے۔
صفائی رکھنا انتہائی ضروری
گھر میں موجود مکھیاں، مچھر اور دیگر کیڑے چھپکلیوں کی موجودگی کا سبب بنتے ہیں۔ اس لیے گھر کو روزانہ صاف کریں، برتن دھو کر رکھیں، کچرا بروقت باہر نکالیں اور کھانے کو ڈھانپ کر رکھیں تاکہ چھپکلیوں کی آمد کم ہو۔
چھپنے کی جگہیں ختم کریں
الماریوں، شیلفوں اور بے ترتیبی والے گوشوں کو باقاعدگی سے صاف کریں۔ غیر ضروری سامان ہٹا کر ترتیب قائم رکھیں تاکہ چھپکلیوں کے چھپنے کے مقامات کم ہو جائیں۔
قدرتی گھریلو نسخے
کالی مرچ یا لال مرچ اسپرے: پانی میں مرچ ملا کر اسپرے بنائیں اور مشکوک جگہوں پر چھڑکاؤ کریں۔
پیاز اور لہسن: ان کی تیز خوشبو چھپکلیوں کو بھگاتی ہے۔ داخلی راستوں پر رکھنے سے افاقہ ہوتا ہے۔
پودینے یا یوکلپٹس کا تیل: ان تیلوں کو روئی میں لگا کر رکھیں یا اسپرے کی صورت استعمال کریں۔
انڈوں کے چھلکے: کچن یا کھڑکی کے قریب رکھنے سے چھپکلیاں دور رہتی ہیں۔
موتھ بالز: الماریوں اور کابینٹس میں رکھنے سے بھی چھپکلیوں سے نجات ممکن ہے، لیکن بچوں اور جانوروں سے دور رکھیں۔
ان آسان اور مؤثر طریقوں کو اپنا کر آپ اپنے گھر کو چھپکلیوں سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔
