آج کی تاریخ

اسحاق ڈار کا عمران خان کیس پر مؤقف: قانون اپنا راستہ لے رہا ہے، معاملے کو سیاسی نہ بنایا جائے

واشنگٹن: نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان میں انصاف کا عمل شفاف طریقے سے جاری ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق عدالتی کارروائی کو سیاسی رنگ دینا درست نہیں۔
اٹلانٹک کونسل میں گفتگو کے دوران ایک سوال کے جواب میں اسحاق ڈار نے عمران خان کے مقدمات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جو شخص ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھائے اور وہ سب کچھ کرے جو 9 مئی کو ہوا، اس کے ساتھ قانون کے مطابق ہی نمٹا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عدالتی عمل انصاف کے اصولوں کے تحت جاری ہے اور اس عمل کو سیاست کی نظر نہ کیا جائے۔ اس موقع پر انہوں نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ بھی طویل عرصے سے امریکا میں قید ہیں، مگر ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ وہاں انصاف نہیں ہو رہا۔
اسحاق ڈار نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی سیاست شروع کرنے سے پہلے مالی امداد کے لیے ان کے پاس آیا کرتے تھے۔
نائب وزیر اعظم نے 2014 کے دھرنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس احتجاج سے ملکی معیشت کو شدید نقصان پہنچا، اور کسی بھی مقبول رہنما کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ ریاستی و سیکیورٹی تنصیبات پر حملہ کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف نے اپنے دور میں دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات کیے، جبکہ بعد میں آنے والی حکومت نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ساتھ نرم رویہ اختیار کیا، بارڈر کھولے، مجرم رہا کیے، اور نتیجتاً ہزاروں طالبان دوبارہ ملک میں داخل ہو گئے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں