حیدرآباد: سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کے لیے گھروں کی تعمیر کا منصوبہ صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیا کا سب سے بڑا منصوبہ ہے، جو بلاول بھٹو کی قیادت میں ممکن ہوا۔
حیدرآباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں صرف سندھ وہ واحد صوبہ ہے جہاں برسات اور سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے پختہ گھروں کی فراہمی کو عملی جامہ پہنایا گیا۔ بلاول بھٹو نے وزیر اعلیٰ سندھ کو بارہا ہدایت کی کہ متاثرہ خاندانوں کے لیے فوری گھروں کا بندوبست کیا جائے۔
شرجیل میمن کے مطابق، وزیراعلیٰ سندھ نے اس مشن کو پورا کرنے کے لیے ورلڈ بینک اور دیگر بین الاقوامی اداروں سے رابطہ کیا۔ تمام متاثرین کا بلا امتیاز سروے کیا گیا اور ان کے بینک اکاؤنٹس کھول کر مالی امداد فراہم کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت 21 لاکھ پکے گھروں کی تعمیر جاری ہے اور اس سال پہلی بار متاثرہ خاندانوں نے اپنے گھروں میں بارش کا لطف اٹھایا۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ متاثرین کو صرف گھر ہی نہیں دیے جا رہے بلکہ زمین کے مالکانہ حقوق بھی دیے جا رہے ہیں، اور ان حقوق کا اندراج گھریلو خواتین کے نام پر کیا جا رہا ہے تاکہ ان کا معاشی تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پیپلز پارٹی نہ صرف گھر دے رہی ہے بلکہ انہیں سولر سسٹم کی سہولت بھی فراہم کر رہی ہے، پہلے مرحلے میں دو لاکھ گھروں کو سولر بجلی دی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ صاف اور میٹھے پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ صحت اور بحالی کے شعبوں میں پیپلزپارٹی نے جو خدمات انجام دی ہیں، ان کی مثال پاکستان کے کسی اور صوبے میں نہیں ملتی۔
