لاہور:چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو نظرانداز کرنا ملک کے مفاد میں نہیں، موجودہ حالات میں نرمی اور افہام و تفہیم کی ضرورت ہے۔
بیرسٹر گوہر نے حماد اظہر کی رہائش گاہ پر سابق گورنر پنجاب میاں اظہر کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کیا۔ اس موقع پر معین قریشی، حافظ فرحت، فرخ جاوید مون اور ابوذر سلمان نیازی بھی موجود تھے۔
میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ میاں اظہر نے باوقار زندگی گزاری، جب کہ حماد اظہر نے مشکل حالات میں بھی جماعت کا ساتھ نہیں چھوڑا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی جمہوری بقا کے لیے ہر طبقے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پر بیرونی فنڈنگ کے الزامات لگائے گئے اور اب مزید الزامات کی تیاری ہے، تاہم تحریک انصاف عدم برداشت یا انتشار پر یقین نہیں رکھتی۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکے، مگر ضروری ہے کہ سختی کے بجائے راستہ نکالا جائے تاکہ سیاسی عمل بہتر ہو۔
