اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزارتوں میں ٹیکنیکل ماہرین کی بھرتی اور غیرملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے جاری حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے واضح کیا کہ ادارہ جاتی اصلاحات حکومت کی اولین ترجیح ہیں، اور میرٹ کی بنیاد پر ڈیجیٹل معیشت، اداروں کی تنظیم نو اور ماہرین کی تعیناتی کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔
وزیراعظم نے زور دیا کہ شفافیت اور میرٹ سے انحراف ناقابلِ قبول ہوگا۔ اجلاس کے دوران پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کی جانب سے آگاہ کیا گیا کہ اب تک 15 ٹیکنیکل اسامیوں پر بھرتیاں مکمل ہو چکی ہیں اور مزید 47 پر کام جاری ہے۔
سات اہم وزارتوں میں سی ای اوز، سی ایف اوز اور ایم ڈیز کی تعیناتی کے لیے 30 امیدوار شارٹ لسٹ کیے گئے ہیں۔ پیٹرولیم ڈویژن اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن میں انٹرویوز کا ابتدائی عمل مکمل ہو چکا ہے۔
سرمایہ کاری حکمت عملی سے متعلق اجلاس کو بتایا گیا کہ آئی ٹی، ریلوے، اور سیاحت کے شعبوں کے لیے منصوبہ بندی مکمل ہے، جبکہ دیگر اہم شعبے جیسے خوراک، سمندری امور، معدنیات، صنعت، توانائی اور ہاؤسنگ کے لیے فریم ورک حتمی مراحل میں ہے۔
اجلاس کو مزید آگاہ کیا گیا کہ سعودی عرب، یو اے ای، قطر، آذربائیجان اور کویت کے ساتھ شراکت داری کے لیے 18 معاشی شعبوں میں پچ بکس تیار کی گئی ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزرا، مشیران اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
