کراچی: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان آئندہ ٹی 20 سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم میں ایک یا دو تبدیلیاں متوقع ہیں۔
سیریز کا آغاز 1 اگست سے ہوگا، جبکہ دیگر میچز 3 اور 4 اگست کو فلوریڈا کے شہر لاڈر ہل میں کھیلے جائیں گے۔ اس اہم سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم دبئی کے راستے امریکہ روانہ ہو گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسکواڈ میں معمولی تبدیلیاں کی جا سکتی ہیں، جن میں ممکنہ طور پر فاسٹ باؤلر حارث رؤف کی واپسی بھی شامل ہے۔ حتمی فیصلے کھلاڑیوں کی موجودہ فٹنس اور حالیہ کارکردگی کی بنیاد پر کیے جائیں گے۔
قومی ٹیم کو دو گروپوں میں امریکہ روانہ کیا جا رہا ہے، پہلا گروپ آج شام 7:30 بجے ڈھاکا سے دبئی روانہ ہوگا، جب کہ دوسرا گروپ کل بنگلہ دیش سے روانہ ہو گا۔ دبئی میں مختصر قیام کے بعد دونوں گروپس امریکہ کے لیے روانہ ہوں گے، جہاں ٹیم تین میچوں پر مشتمل سیریز میں حصہ لے گی۔
