اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بانی چیئرمین کے بیٹوں کو سیاسی مہم چلانے کا مکمل اختیار ہے، لیکن انہیں یہ بھی عوام کو بتانا ہوگا کہ ان کے والد کو 190 ملین پاؤنڈز کے کرپشن کیس میں سزا سنائی گئی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف واضح شواہد اور سی سی ٹی وی ریکارڈنگ موجود ہیں، اور یہ معلوم تھا کہ کن افراد نے ان حملوں میں شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈز اسکینڈل میں سابق وزیراعظم نے عدالت کے سامنے اپنے دفاع میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیے۔ صرف ریاست مدینہ کا حوالہ دینا اس کیس کا قانونی جواب نہیں ہو سکتا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ بانی چیئرمین کو عوام کے سامنے یہ وضاحت کرنی چاہیے کہ انہوں نے معروف بزنس ٹائیکون کے اربوں روپے کس طرح خرچ کیے۔ ان کے بیٹے جہاں جہاں بھی مہم چلائیں، انہیں کرپشن کیس کی اصل حقیقت بتانا چاہیے کہ یہ کوئی سیاسی انتقام نہیں بلکہ مالی بے ضابطگی کا مقدمہ ہے۔
عطا تارڑ کے مطابق 190 ملین پاؤنڈز کا مقدمہ سراسر کرپشن سے متعلق ہے، اور اسے سیاسی رنگ دینے کی کوششیں حقائق کے منافی ہیں۔
