اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماؤں نے تصدیق کی ہے کہ بانی چیئرمین عمران خان کے دونوں صاحبزادے، سلمان اور قاسم، جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔
پی ٹی آئی رہنما علیمہ خان، سلمان اکرم راجا اور بیرسٹر علی ظفر نے اس بات کی تصدیق کی کہ دونوں بیٹے اپنے والد سے ملاقات کے خواہشمند ہیں، جس کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا جا رہا ہے۔
رہنماؤں کے مطابق، دونوں بیٹوں سے جیل میں ملاقات کی اجازت کے لیے جلد عدالت میں پٹیشن دائر کی جائے گی تاکہ اس ملاقات میں کوئی قانونی رکاوٹ حائل نہ ہو۔
وکلاء کا کہنا ہے کہ سلمان اور قاسم کی آمد اور قیام کی حتمی تفصیلات فی الحال فراہم نہیں کی جا سکتیں، تاہم آئینی حق کے تحت والد سے ملاقات کے لیے تمام قانونی راستے اپنائے جا رہے ہیں۔
علیمہ خان نے اپنے بیان میں کہا کہ والد سے بیٹوں کی ملاقات ان کا آئینی اور انسانی حق ہے، اور اس ضمن میں ہم چاہتے ہیں کہ قانونی سہولت دی جائے تاکہ بغیر کسی رکاوٹ کے یہ ملاقات ممکن ہو سکے۔
