ڈکیتی سے متاثرہ تاجر سلیم کومظفرآباد پولیس نے ریکوری کے حوالے سے گیلانی ہائوس سے سفارش کا کہا ،2 افراد نے لالچ دیکر ایک لاکھ ہتھیا لئے
ا غواء کاروں نے سلیم کو گیلانی ہائوس کے باہر سے اپنی گاڑی میں ڈال لیا، جان سے مارنے کی دھمکیاں دیکرورثا کو 5 لاکھ تاوان پشاور پہنچانے کا تقاضا
پولیس کے اعلیٰ افسران کا رابطہ،موسیٰ گیلانی سے مغوی سلیم بارے تصدیق، سی پی او کا ایس پی کینٹ قاضی علی کی سربراہی میں ٹیم کو بازیابی کا ٹاسک
ملتان (آصف خان/ایڈیٹر کرائم ڈیسک) تھانہ کینٹ کی حدود گیلانی ہائوس سے واپسی گیٹ سے 5 لاکھ تاوان کیلئےدن دیہاڑے شہری اغواءموبائل جاز کیش کے ذریعے 1 لاکھ تاوان ادا کیا گیا اور بقایا 4 لاکھ کیلئے اغواء کاروں کا لواحقین سے مغوی کے ہی موبائل فون سے رابطہ وحشیانہ تشدد اور چیخ و پکار سنوا کر بقایا رقم کی ادائیگی نہ ہونے کی صورت میں مغوی کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے رہے۔ ذرائع کے مطابق تھانہ مظفر آباد کی حدود میں واقع موبائل شاپ کے مالک سلیم جس سے چند روز قبل تھانہ مظفر آباد کے علاقے میں واقع موبائل کی دکان پر نا معلوم ڈاکوئوں نے اڑھائی لاکھ کی ڈکیتی کی اور فرار ہو گئے تھے۔ جس کا مقدمہ تھانہ مظفر آباد میں درج کروایا گیا۔ جس کے چند روز بعد تھانہ مظفر آباد پولیس نے ڈکیتی کرنے والے گینگ کے چند ملزمان کو گرفتار کیا۔ جس کی اطلاع سلیم کو بھی ہوئی جو کہ اپنے بھائی کے ہمراہ تھانے پہنچا اور ایس ایچ او مظفر آباد اشفاق بھٹہ سے رابطہ کیا۔ جس نے بتایا کہ گینگ کے چند ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ جن سے تفتیش جاری ہے۔ وہاں پر موجود ایک کانسٹیبل نے سلیم کو ریکوری کے حوالے سے گیلانی ہائوس سے سفارش کروانے کو کہا جس پر سلیم اگلے ہی روز گیلانی ہائوس پہنچا جہاں پر موجوداغواء کاروں کے 2 افراد نے گیلانی حضرات کے نہ ہونے اور انتظار کے دوران سلیم کو 2 لاکھ ادھار کے بدلے 8 ہزار منافع کا لالچ دیکر گھیر لیا۔ جس پر سلیم راضی ہو گیا اور موبائل جاز کیش کے ذریعے اپنے بھائی سے موبائل پر ایک لاکھ منگوایا۔ اس دوران نا معلوم ملزمان سے بات چیت کے بعد ایک لاکھ روپے کی رقم نکلوانے سلیم اور نا معلوم ملزمان جیسے ہی گیلانی ہائوس سے باہر نکلے توا غواء کاروں نے سلیم کو گیلانی ہائوس کے باہر سے زبردستی اغواء کر کے اپنی گاڑی میں ڈال لیا اور اغواء کرنے کے بعد مغوی سلیم کے موبائل فون سے کال کر کے سلیم کے بھائی اور دیگر لواحقین سے 5 لاکھ کا تقاضا کیا اور نہ دینے کی صورت میں جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے رہے۔ اس دوران سارا دن گزرنے کے بعد مغوی سلیم کے بھائی کو 5 لاکھ اغواء برائے تاوان کی رقم پشاور پہنچانے اور بھائی کو چھڑوانے کا لالچ دے کر مغوی پر تشدد کر کے لواحقین کو چیخ و پکار بھی مغوی سلیم کے موبائل فون سے سنواتے رہے۔ جس کی اطلاع سلیم کے بھائی نے بذریعہ 15 تھانہ کینٹ پولیس کو دی۔ جس پر پولیس کے اعلیٰ افسران نے گیلانی ہائوس سے بھی رابطہ کیا اور موسیٰ گیلانی سے مغوی سلیم کا گیلانی ہائوس آنے بارے میں تصدیق کی۔ اور مغوی کی بازیابی کیلئے پولیس کے اعلی افسران کی ہدایت پر سی پی او ملتان نے ایس پی کینٹ قاضی علی کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ کینٹ مہتاب عالم و دیگر ٹیم مقرر کر کے مغوی کی بازیابی کا ٹاسک دیا ہے جس پر ایس ایچ او کینٹ مہتاب عالم تحقیقات و تفتیش میں مصروف عمل ہے۔