لاہور: معروف یوٹیوبر رجب بٹ نے اپنے گھر پر فائرنگ کے واقعے پر ردِعمل دیتے ہوئے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ حملے کی منصوبہ بندی 333 گروپ نے کی۔
رجب بٹ نے اپنی ویڈیو میں دعویٰ کیا کہ فائرنگ میں ملوث شخص کا نام کاشف چوہان ہے، جو پہلے گاڑی تبدیل کر کے موٹر سائیکل پر ان کے گھر کے قریب آیا اور فائرنگ کی۔ ان کے مطابق یہ کارروائی بیرونِ ملک مقیم شہزاد بھٹی کی ایما پر کی گئی۔
یوٹیوبر کا کہنا تھا کہ پولیس کو بھی تمام تفصیلات کا علم ہے، تاہم دوسری جانب پولیس نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ فائرنگ میں ملوث افراد کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، اور فائرنگ میں ملوث افراد کی تلاش کی جا رہی ہے۔ پولیس نے رجب بٹ کی جانب سے ویڈیو میں لیے گئے ناموں سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔
