اسلام آباد: تحریک انصاف نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر ناراض امیدوار دستبردار نہ ہوئے تو اپوزیشن کے امیدواروں کا مقابلہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان سینیٹ کی 6 اور 5 نشستوں پر ہونے والا معاہدہ ناراض امیدواروں کی ضد کی صورت میں ختم ہو سکتا ہے۔
پی ٹی آئی قیادت نے ناراض امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اتوار سے پہلے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیں، بصورت دیگر ان کے خلاف تادیبی کارروائی کا امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ امیدواروں کو منانے کے لیے دو ملاقاتیں ہو چکی ہیں، تاہم ان کے انکار کے بعد معاملہ پارٹی کی پولیٹیکل کمیٹی کو سونپ دیا گیا ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کے مطابق پہلی ملاقات میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور امیدواروں نے براہ راست شرکت کی، جب کہ دوسری میٹنگ ویڈیو کال پر ہوئی لیکن ناراض امیدوار اس میں شریک نہ ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ پولیٹیکل کمیٹی نے پارٹی کے بانی کی جانب سے نامزد کردہ امیدواروں کو 6 نشستیں دینے اور سینیٹ الیکشن میں بلامقابلہ کامیابی کے فیصلے کی توثیق کر دی ہے۔
چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے کہ تمام امیدوار کمیٹی کے فیصلے کا احترام کریں گے، اگر کسی نے کاغذات واپس نہ لیے تو پارٹی ان کے بارے میں نیا لائحہ عمل تیار کرے گی۔
اس معاملے پر امیدوار عرفان سلیم نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پارٹی فیصلے پر کارکنوں سے مشاورت کے بعد ہی کسی نتیجے پر پہنچیں گے۔
