اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے ججز کے تبادلے اور سینیارٹی سے متعلق فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔ انہوں نے انٹرا کورٹ اپیل دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ججز کے تبادلے عدلیہ کی آزادی پر حملے کے مترادف ہیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں تین ججز کی منتقلی کا مقصد آزاد اور غیر جانبدار ججز کو پسِ منظر میں دھکیلنا ہے، جو کہ عدالتی خودمختاری کے منافی ہے۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ ججز جنہوں نے مبینہ مداخلت پر تحفظات ظاہر کرتے ہوئے اعلیٰ عدلیہ کو خط لکھے، ان کی سنیارٹی کو نظر انداز کر دیا گیا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 200 کے مطابق ججز کی منتقلی صرف عارضی بنیاد پر کی جا سکتی ہے، جبکہ صدر کو ججز کی سنیارٹی یا تبادلے کا اختیار حاصل نہیں۔
عمران خان نے استدعا کی ہے کہ سپریم کورٹ ججز کی آزادی، سینیارٹی اور عدالتی خودمختاری کو یقینی بنانے کے لیے اس فیصلے کو کالعدم قرار دے۔
