اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں الیکٹرک وہیکلز کے فروغ اور بے روزگار افراد کو روزگار فراہم کرنے کے لیے اہم فیصلے کیے ہیں۔ انہوں نے ہدایت دی ہے کہ حکومت ضرورت مند اور بے روزگار افراد کو ترجیحی بنیادوں پر الیکٹرک رکشے اور لوڈرز فراہم کرے گی۔
اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں الیکٹرک بائیکس، رکشوں اور لوڈرز کی فراہمی سے متعلق حکومتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء احد چیمہ، عطا اللہ تارڑ، ہارون اختر، مشرف زیدی اور دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے۔
وزیراعظم نے اعلان کیا کہ ملک بھر کے تعلیمی بورڈز میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات کو الیکٹرک بائیکس دی جائیں گی، جس کا مقصد نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور پائیدار ٹرانسپورٹ کی ترویج ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ سے نہ صرف ایندھن پر قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور مقامی صنعت کو بھی ترقی ملے گی۔
وزیراعظم نے ہدایت دی کہ اس منصوبے کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کروائی جائے اور عام عوام تک اس سہولت کی رسائی کے لیے بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اسکیم کے تحت فراہم کی جانے والی وہیکلز کا معیار اور سیفٹی عالمی معیار کے مطابق ہو۔ انہیں بتایا گیا کہ اس منصوبے کے تحت ایک لاکھ سے زائد الیکٹرک بائیکس اور تین ہزار سے زائد رکشے و لوڈرز کم لاگت پر فراہم کیے جائیں گے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اس اسکیم میں خواتین کے لیے 25 فیصد خصوصی کوٹہ رکھا گیا ہے، جبکہ بلوچستان کے لیے کوٹہ بڑھا کر 10 فیصد کر دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی بتایا گیا کہ چار نئی بیٹری ساز کمپنیاں پاکستان میں اپنی پیداوار شروع کرنے والی ہیں، جس سے روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اسکیم کو جلد از جلد شروع کیا جائے تاکہ عوام اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔
