لاہور: چیئرمین نیب نذیر احمد بٹ نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر میں سرکاری زمینوں کی جعلی الاٹمنٹس کے خلاف صوبائی حکومتوں کی مدد سے بڑا کریک ڈاؤن شروع کیا جا رہا ہے، جب کہ ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں اصلاحاتی اقدامات بھی تیز کر دیے گئے ہیں۔
لاہور میں ایڈن ہاؤسنگ متاثرین کے لیے چیکس کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب نے 11 ہزار 880 متاثرین کو 3 ارب 20 کروڑ روپے مالیت کے چیکس کی تقسیم کا آغاز کر دیا ہے۔
نذیر بٹ نے بتایا کہ ایڈن اسکینڈل میں اب تک 12 ارب روپے کی ریکوری مکمل کی جا چکی ہے، جب کہ 13 ارب روپے کے کلیمز پر 16 ارب کی پلی بارگین ہوئی ہے، جس سے متاثرین کو اصل رقم سے 23 فیصد زیادہ ادائیگی ممکن ہوئی ہے۔
چیئرمین نیب نے واضح کیا کہ نیب لاہور نے اب تک 236 ارب روپے کی کامیاب ریکوری کی ہے اور 94 ہزار سے زائد متاثرین میں 233 ارب روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں متاثرین کو ادائیگی براہ راست ان کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی۔
تقریب کے دوران ڈی جی نیب لاہور نے کہا کہ نیب میں لینڈ ڈائریکٹوریٹ قائم کر دیا گیا ہے اور نیلامی پالیسی میں تبدیلی سے ریکوری میں واضح بہتری آئی ہے۔
