اسلام آباد: پاکستان نے برطانیہ کی جانب سے ملکی ایئرلائنز کو ایئر سیفٹی لسٹ سے نکالنے اور کمرشل پروازوں کی بحالی کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستانی فضائی کمپنیوں کو پانچ سال بعد دوبارہ برطانیہ کے لیے پروازیں شروع کرنے کی اجازت دینا ایک حوصلہ افزا اور مثبت پیش رفت ہے۔ یہ فیصلہ پاکستان کی مسلسل تکنیکی اصلاحات، سفارتی کوششوں اور بین الاقوامی ایوی ایشن معیار پر عمل پیرا رہنے کے عزم کا اعتراف ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق اس فیصلے سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان فضائی روابط کی مکمل بحالی ممکن ہو سکے گی، جو برطانیہ میں مقیم 17 لاکھ پاکستانیوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری ہے۔ اس سے خاندانی ملاقاتوں، کاروباری سرگرمیوں، سیاحت اور تجارتی روابط کو بھی فروغ ملے گا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان اس فیصلے پر برطانیہ کا شکریہ ادا کرتا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اور اشتراک عمل کا سفر مزید مضبوط ہوگا۔
