اسلام آباد اور راولپنڈی میں شدید بارشوں کے بعد نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوگئی، جس کے باعث قریبی آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کردی گئیں۔
گزشتہ رات سے جاری موسلا دھار بارش نے جڑواں شہروں کے نشیبی علاقوں کو زیرآب کر دیا، جہاں اب تک 230 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر مختلف مقامات پر امدادی کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں۔
پنجاب بھر میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں کئی علاقے سیلابی کیفیت کا شکار ہو چکے ہیں۔ اس ہنگامی صورتحال میں پاک فوج نے ایک بار پھر بروقت کردار ادا کیا ہے۔ راولپنڈی کے چکری روڈ پر واقع گاؤں لڈیان میں ایک خاندان سیلاب میں پھنس گیا تھا، جو مکان کی چھت پر پناہ لیے بیٹھا تھا۔
خراب موسم کے باوجود پاک فوج نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے فوری ریسکیو آپریشن کیا اور تینوں افراد کو بحفاظت نکال لیا۔ یہ کامیاب ہیلی ریسکیو مشن پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور عوامی خدمت کے عزم کی واضح مثال ہے۔
