پشاور: خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بلامقابلہ انتخاب پر اصولی اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، پشاور میں ہونے والی مشاورت کے دوران 6/5 فارمولے پر رضامندی ظاہر کی گئی، جس کے تحت تحریک انصاف کو 6 اور اپوزیشن اتحاد کو 5 نشستیں دی جائیں گی۔
آج حکومت اور اپوزیشن کے مابین حتمی مذاکرات متوقع ہیں جن میں باضابطہ معاہدے پر دستخط کیے جا سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو پی ٹی آئی کے غیر ضروری امیدواروں کو انتخابی دوڑ سے دستبردار کرانے کا ٹاسک دیا گیا ہے تاکہ متفقہ فارمولا عملی شکل اختیار کر سکے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلامقابلہ انتخابات سے سیاسی تناؤ میں کمی آئے گی اور اختلافات یا شکست کے امکانات سے بچا جا سکے گا۔ اپوزیشن پہلے ہی اس حکمت عملی پر آمادہ ہے اور یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔
خیال رہے کہ 21 جولائی کو خیبرپختونخوا سے سینیٹ کی 11 نشستوں پر انتخاب ہونا ہے، جن میں 7 جنرل، 2 خواتین اور 2 ٹیکنوکریٹ نشستیں شامل ہیں۔
