کراچی: پاکستان انڈر 16 والی بال ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انڈونیشیا کو 0-3 سے شکست دے کر ایشین انڈر 16 والی بال چیمپیئن شپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
یہ کامیابی نہ صرف سیمی فائنل تک رسائی کی ضامن بنی، بلکہ قومی ٹیم نے اس کے ساتھ ہی آئندہ ہونے والی عالمی جونیئر والی بال چیمپیئن شپ میں شرکت کا کوٹہ بھی حاصل کر لیا۔
تھائی لینڈ میں جاری چیمپیئن شپ کے کوارٹر لیگ مرحلے کے پہلے میچ میں بدھ کے روز پاکستان نے انڈونیشیا کو سیدھے سیٹوں میں ہرا کر “فائنل فور” میں اپنی جگہ پکی کی۔ پاکستان سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔
ٹورنامنٹ میں پاکستان جمعرات کو ایران کے خلاف ایک رسمی میچ کھیلے گا۔ اس سے قبل پاکستان نے گروپ ڈی میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے کوریا، سعودی عرب اور چائنیز تائپے جیسی ٹیموں کو شکست دے کر ناقابلِ شکست رہتے ہوئے گروپ چیمپئن بن کر کوارٹر لیگ میں جگہ بنائی تھی۔
