اسلام آباد:نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار آج چین روانہ ہوں گے جہاں وہ 14 سے 16 جولائی تک تیانجن میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
اس اجلاس میں چین، بھارت، روس، ایران، بیلاروس، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان کے وزرائے خارجہ بھی شرکت کریں گے، جس میں علاقائی تعاون، سلامتی، معیشت اور دیگر باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اگست میں اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ چین کا دورہ کریں گے، جس میں امکان ہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر بھی ان کے ساتھ شریک ہوں گے۔ اس اہم دورے کی حتمی تاریخ طے ہونا باقی ہے۔
پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں وزیراعظم کا یہ متوقع دورہ خاص اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس بھی 31 اگست سے یکم ستمبر تک تیانجن میں متوقع ہے۔
