اسلام آباد: پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان قانونی شعبے میں باہمی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے باکو کا سرکاری دورہ کیا جہاں انہوں نے آذربائیجان کے وزیراعظم علی ہیدیات اوغلو اسدوف، وزیر انصاف فرید طوراب اوغلو احمدوف اور سپریم کورٹ کے چیف جسٹس انعام اعتماد اوغلو کریموف سے ملاقاتیں کیں۔
دورے کے دوران وفاقی وزیر نے آذربائیجان کے قومی ہیرو حیدر علیوف کے مزار پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔
ملاقاتوں میں قانونی اصلاحات، عدالتی نظام کی ڈیجیٹلائزیشن، اور متبادل طریقہ کار سے تنازعات کے حل کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر دونوں ممالک کی وزارتِ قانون کے درمیان مفاہمتی معاہدے پر دستخط کیے گئے، جس کے تحت قانونی شعبے میں مشترکہ اقدامات، ادارہ جاتی ترقی اور تجربات کے تبادلے کو فروغ دیا جائے گا۔
یہ معاہدہ دونوں ملکوں کے درمیان دیرپا قانونی تعاون اور پاکستان کے عدالتی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی کوششوں کی ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
