لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی یومِ اُمید کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ امید وہ طاقت ہے جو انسان کو مشکلات کے اندھیروں میں روشنی کی جانب لے جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر انسان میں حوصلہ اور استقامت ہو تو امید یقین کی روشن کرن میں بدل جاتی ہے۔
مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا کہ دنیا بھر میں آج کے دن کا پیغام یہ ہے کہ چیلنجز کتنے بھی بڑے کیوں نہ ہوں، امید کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ انشاءاللہ وہ دن جلد آئے گا جب فلسطین اور کشمیر کے مظلوم عوام پر آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) آج پاکستانی عوام کی امید بن چکی ہے، اور ہم پوری دیانتداری سے ان توقعات پر پورا اترنے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم پرعزم ہیں کہ پنجاب میں ہر شہری کو معیاری صحت کی سہولتیں، ہر ہونہار طالبعلم کو لیپ ٹاپ اور اسکالر شپ، اور ہر بے گھر کو اپنی چھت فراہم کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے اس بات کا عزم ظاہر کیا کہ پنجاب کا کسان اپنی فصلوں کی بہار دیکھ کر خوشحال ہوگا اور نوجوان تعلیم، سہولتوں اور ترقی کے بہتر مواقع حاصل کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو بھی یہی یقین ہے کہ صرف مسلم لیگ (ن) ہی وہ جماعت ہے جو ان کے خوابوں کو تعبیر دے سکتی ہے۔
