آج کی تاریخ

پنجاب: 90 روز میں کرائم ختم، سی سی ڈی کو ٹاسک، جرائم پیشہ افراد انڈر گراؤنڈ، صوبہ بدر

گوجرانوالہ(عثمان بٹ سے) وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے سی سی ڈی کو جرائم کے خاتمہ کے لیے کاروائیاں کرنے کھلی چھوٹ دیدی، 90 روز کے اندر پنجاب سے جرائم کا صفایا کرنے کے احکامات جاری،کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے خوف سے غنڈے اور بدمعاش روپوش،منشیات فروش قرآن پر حلف دینے لگے،انڈرورلڈ مافیا کے سروں پر بھی سی سی ڈی کا خوف منڈلانے لگا،شہریوں کا جرائم میں ملوث بڑے بڑے مگرمچھوں کو بھی کیفرکردارتک پہنچانے کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبہ سے جرائم کو ختم کرنے کی خاطر کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کا قیام کیا اور انہیں کروڑوں روپے کے فنڈز بھی جاری کیے تاکہ سی سی ڈی جدید سہولیات و ٹیکنالوجی سے لیس ہو کر جرائم پیشہ افراد کیخلاف کاروائیوں کا آغاز کرے اور جرائم کے خاتمہ کو یقینی بنائے۔سی سی ڈی کو پنجاب سے جرائم کو ختم کرنے کے لیے 90 دن کا ٹاسک دیدیا گیا ہے جس پر عملدرآمد شروع ہو چکا ہے اور بہت سے ریکارڈیافتہ ملزمان دوران پولیس مقابلہ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے جا چکے ہیں اور یہ سلسلہ بدستور جاری ہے۔سی سی ڈی کے خوف سے بیشتر منشیات فروش مسجدوں میں جا کر قرآن پاک پر حلف دے رہے ہیں کہ وہ آئندہ منشیات فروشی جیسا مکروہ دھندہ نہیں کرینگے اسی طرح غنڈے،بدمعاش،اجرتی قاتل،چور،ڈاکو اور ریکارڈیافتہ ملزمان بھی سی سی ڈی کے ڈر سے صوبہ چھوڑنے پرمجبور ہو چکے ہیں۔سی سی ڈی نے انڈرورلڈ ڈانز کے گرد بھی گھیرا تنگ کر دیا ہوا ہے اور بہت جلد بڑی گرفتاریاں بھی منظرعام پر آنیوالی ہیں۔سی سی ڈی نے ان بڑے مگرمچھوں کے لیے بھی پھندا تیار کر لیا ہوا ہے جو شوٹرز کی پشت پناہی کرتے ہیں اور اپنے مفادات کی خاطر ان سے بیگناہ شہریوں کا قتل عام کرواتے ہیں اس وقت پنجاب جرائم پیشہ افراد کے لیے نوگو ایریا بنا ہوا ہے جو بھی سنگین جرائم میں ملوث ملزم سی سی ڈی کے ہتھے چڑھ رہا ہے اسے کیفرکردار تک پہنچایا جا رہا ہے۔شہریوں نے سی سی ڈی کی جرائم کے خاتمہ کے لیے جاری کاروائیوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے انہیں خراج تحسین بھی پیش کیا ہے۔شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مطالبہ کیا ہے کہ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کو جرائم میں ملوث اصل افراد کیخلاف کاروائیاں کرنے کا حکم صادر فرمایا جائے تاکہ کسی بیگناہ شہری کیساتھ زیادتی نہ ہو سکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں