ملتان (سٹاف رپورٹر) بہا الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے مختلف ڈیپارٹمنٹس میں اپنے پیاروں کو نوازنے اور پسند نا پسند کی خاطر جونیئرز کو سینئر اور سینئرز کو جونیئرز کیا جانے لگا۔ تفصیل کے مطابق بہا الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے باٹنی ڈیپارٹمنٹ میں 4 جونیئر ایسوسی ایٹ پروفیسرز کو پروفیسر کرتے ہوئے ان چاروں پروفیسرز سے سینئر گزشتہ کافی برسوں سے اہل فیکلٹی ممبر کو مسلسل عتاب کا نشانہ بناتے ہوئے ایسوسی ایٹ پروفیسر کے عہدے پر ہی فریز کر دیا گیا۔ سینئر ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر نوشین نور الٰہی کو جونیئر ایسوسی ایٹ پروفیسرز حبیب الرحمٰن ، ظفر اللہ ، احمد اکرم اور صبغہ نورین کے مقابلے میں مسلسل عتاب کا نشانہ بناتے ہوئے سینئر سے جونیئر کر دیا گیا جبکہ اپنی پسند کے 4 جونیئر ایسوسی ایٹ پروفیسر حضرات کو سینئر کر دیا گیا جس سے سینئر ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر نوشین نور الٰہی کو ان کے جائز حق سے محروم کر دیا گیا۔ یہ امر توجہ طلب ہے کہ یونیورسٹی کے ان سازشی عناصر نے ڈاکٹر سیما کے بعد فیکلٹی کی سینئر ترین ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر نوشین نور کو ترقی سے محروم کر کے ان سے 4 جونیئر اساتذہ کو ترقی دے کر ڈاکٹر نوشین کو ہمیشہ کے لیے چیئرپرسن شپ سے ہمیشہ کے لیے محروم کر دیا گیا اور اب انہیں پھر سے پروفیسر بننے سے روکنے کے لیے جال بنا جا رہا ہے۔
