بہاولپور (کرائم سیل،سپیشل رپورٹر)اسلامی کالونی بہاولپور میں اندوہناک اور لرزہ خیز واقعہ میں سیاسی جماعت کی پشت پناہی اور ذاتی رنجش کی بنیاد پر ایک نوجوان کو سرِ عام گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا۔ مقتول کی شناخت محمد وقاص کے نام سے ہوئی ہے جو موقع پر شدید زخمی ہو گیا اور ہسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ رات تقریباً 2 بج کر 20 منٹ پر پیش آیا۔ ایف آئی آر کے مطابق مقتول کو سینے کے بائیں جانب گولی لگی جو کہ جان لیوا ثابت ہوئی۔ محمد وقاص کو فوری طور پر وکٹوریہ ہسپتال منتقل کیا گیاتاہم وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔ورثاء کی جانب سے پولیس کو اطلاع دینے پر مقتول کے بھائی کی مدعیت میں تھانہ کنٹونمنٹ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر نمبر 1284/25 بجرم 302/34 109/337 میں ملزمان کی شناخت محمد جاوید ولد جان محمد، محمد زوار ولد جان محمد، جنید عرف جنا ولد رب نواز اقوام چنڑ اور ایک نامعلوم شخص کے طور پر کی گئی ہے۔ ان تمام افراد نے پسٹلوں سے مسلح ہو کر محمد وقاص پر حملہ کیا اور اندھا دھند فائرنگ کر کے اسے نشانہ بنایا۔ذرائع کے مطابق مقتول اور مرکزی ملزم جاوید چنڑ کے درمیان چند روز قبل رشتے کے معاملے پر تلخ کلامی ہوئی تھی جس کا بدلہ لینے کی نیت سے یہ واردات کی گئی۔ یہ بھی سامنے آیا ہے کہ اس سارے واقعہ کی منصوبہ بندی سیاسی جماعت کی آڑ میں زبیر چنڑ کے ایما پر کی گئی اور چاروں ملزمان نے باہم مشورے سے واردات کی۔واردات کے بعد تمام ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج، گواہوں کے بیانات اور دیگر شواہد کی بنیاد پر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔مقتول کے ورثا اور اہلِ علاقہ نے واقعہ پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ یہ لوگ پہلے بھی اسلحہ کے زور پر علاقے میں بدمعاشی کرتے ہیں اور سیاسی جماعت کی آڑ میں اپنی دھاک بٹھائی ہوئی ہے اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ سیاسی پشت پناہی کے باعث قانون شکن عناصر کھلے عام گھوم رہے ہیں اور قانون کا خوف ختم ہو چکا ہے۔دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے باقی ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔ واقعہ کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس کی فضا قائم ہے۔
