آج کی تاریخ

بھگوڑے یوٹیوبرز کے چینلز بند، کرمنل کارروائی بھی ہوگی: طلال چوہدری

اسلام آباد:وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ عدالت کے حکم پر بند کیے جانے والے 27 یوٹیوب چینلز میں سے بیشتر بھگوڑے ہیں، جو سنسنی خیز مواد پھیلا کر ریٹنگ اور پیسہ کمانے کے چکر میں ہیں۔ ان کے خلاف نہ صرف پابندیاں لگائی جائیں گی بلکہ کرمنل کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان مسلسل این آر او مانگ رہے ہیں، کبھی امریکا سے مدد کے لیے افراد کو بلاتے ہیں۔ ان کے مطابق عمران خان کے سسرالی اسرائیل سے تعلق رکھتے ہیں اور انہیں یہ برداشت نہیں ہو رہا کہ وہ سزا کاٹ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے بچوں کو پاکستان آنا چاہیے تاکہ انہیں علم ہو کہ ان کے والد نے ملک کے ساتھ کیا کھیل کھیلا۔ طلال چوہدری نے الزام لگایا کہ عمران خان کو بچانے کے لیے ایک بین الاقوامی لابی سرگرم ہے۔
یوٹیوب چینلز پر پابندی کے حوالے سے طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں سائبر قوانین موجود ہیں اور ان پر عملدرآمد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کو فتنہ و فساد پھیلانے کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا، قانون کے تحت ہی سب کچھ چلے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ جن افراد کے چینلز بند کیے جا رہے ہیں، وہ صحافتی اصولوں کی پاسداری نہیں کرتے، صرف سنسنی پھیلا کر پیسہ کماتے ہیں۔ طلال چوہدری نے اعلان کیا کہ ایسے عناصر کے خلاف نہ صرف کارروائی جاری ہے بلکہ مزید کرمنل ایکشن بھی لیا جائے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں