پنجاب کے مختلف اضلاع بشمول لاہور، راولپنڈی اور گوجرانوالہ میں موسلا دھار بارشوں نے موسم کو خوشگوار بنا دیا اور حبس کی شدت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج دن بھر بارش جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
لاہور کے متعدد علاقوں بشمول راوی روڈ، مصری شاہ، شیرانوالہ گیٹ، گجر پورہ، داتا نگر، بھگوان پورہ، لکشمی چوک، جوہر ٹاؤن، جی پی او، ریلوے اسٹیشن اور نابھا روڈ میں شدید بارش دیکھنے میں آئی۔
واسا لاہور کے مطابق دوسرے اسپیل میں پانی والا تالاب میں 69 ملی میٹر، جیل روڈ پر 36، ایئرپورٹ پر 40، گلبرگ میں 47، لکشمی چوک میں 50، اپر مال میں 38، مغلپورہ میں 41، تاجپورہ میں 34، نشتر ٹاؤن میں 58 اور چوک نا خدا میں 46 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
دیگر علاقوں میں فرخ آباد 47، گلشن راوی 26، اقبال ٹاؤن 42، سمن آباد 32، جوہر ٹاؤن 36 اور قرطبہ چوک میں 45 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر واسا مکمل طور پر الرٹ ہے۔ واسا کے وائس چیئرمین چوہدری شہباز احمد، ڈی جی طیب فرید اور ایم ڈی غفران احمد نے تمام اہم شاہراہوں اور انڈر پاسز کو پانی سے صاف رکھنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
ڈی جی واسا نے فیلڈ ٹیموں کو متحرک رہنے، ڈسپوزل اسٹیشنز کو جنریٹرز پر چلانے، تمام پمپنگ سسٹمز کو فعال رکھنے اور مانیٹرنگ کے عمل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب، ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کو تیار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
صوبائی کنٹرول روم اور تمام ضلعی ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو مکمل الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں 24/7 صورتحال کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
عرفان علی کاٹھیا نے مزید کہا کہ 1122 اور واسا سمیت تمام ریسکیو ادارے اپنی مشینری اور عملے سمیت مکمل طور پر تیار رہیں۔ نشیبی علاقوں سے بروقت پانی کی نکاسی یقینی بنائی جائے۔ مون سون بارشوں کا سلسلہ 13 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
