آج کی تاریخ

نئے چیف جسٹسز کی تقرری: اسلام آباد، سندھ اور پشاور ہائیکورٹس میں حلف برداریاں مکمل

اسلام آباد:اسلام آباد، سندھ اور پشاور ہائی کورٹس کے نئے چیف جسٹسز نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا ہے۔
ایوان صدر اسلام آباد میں ہونے والی تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے جسٹس سردار سرفراز ڈوگر سے بطور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ حلف لیا۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، سینئر وکلا اور دیگر اہم شخصیات بھی شریک تھیں۔
اسی روز گورنر ہاؤس کراچی میں منعقدہ تقریب میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے جسٹس محمد جنید غفار سے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے عہدے کا حلف لیا۔ چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے ان کی تقرری کا نوٹیفکیشن پڑھ کر سنایا۔ تقریب میں سندھ حکومت کے وزرا، اعلیٰ افسران، وکلا، ججز اور کاروباری و سفارتی شخصیات کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
ادھر گورنر ہاؤس پشاور میں ہونے والی تقریب میں جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کے طور پر حلف اٹھایا، ان سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے حلف لیا۔ تقریب میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور، وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام، اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد، اعلیٰ سرکاری افسران، ججز، وکلا اور دیگر مہمان شریک تھے۔
اس موقع پر گورنر، وزیراعلیٰ اور دیگر سیاسی رہنماؤں کے درمیان ملاقات بھی ہوئی جس میں مختلف باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت یکم جولائی کو ہونے والے جوڈیشل کمیشن اجلاس میں جسٹس سرفراز ڈوگر، جسٹس جنید غفار، جسٹس عتیق شاہ اور جسٹس روزی خان کو بالترتیب اسلام آباد، سندھ، پشاور اور بلوچستان ہائیکورٹس کا چیف جسٹس تعینات کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں